وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے رواں سال ریکارڈ انسٹھ لاکھ ٹیکس گوشوارے جمع ہونے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام اور ٹیم کو سراہا ہے۔
اپنے بیان میں وزیرِاعظم نے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے۔ انہوں نے کہا کہ نو لاکھ نئے ٹیکس فائلرز کا ٹیکس کے نظام میں شامل ہونا حکومت کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور حکومت نے گوشواروں کے طریقۂ کار کو مزید آسان بنایا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس عمل میں شامل ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ہر ہفتے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کی نگرانی خود کر رہے ہیں تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پوائنٹ آف سیل نظام کے پھیلاؤ سے سیلز ٹیکس چوری میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ ٹیکس آمدن میں نوارب روپے کا اضافہ ایف بی آر اصلاحات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔